خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے صیہونی حکومت کی جارحیت رکنے کے بعد غزہ کے انتظامی معاملات کو سنبھالنے کے لئے ایک عوامی کمیٹی تشکیل دینے کی مصر کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔
حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم کے وفد نے مصری بھائیوں کی اس تجویز پر اتفاق کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے معاملات کو جامع قومی میکانزم کے ذریعے سنبھالنے کے لیے ایک پاپولر سپورٹ کمیٹی تشکیل دی جائے۔
بیان کے مطابق حماس کے وفد نے پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جس کے دوران دونوں فریقوں نے غزہ اور غرب اردن کی تازہ ترین سیاسی اور جنگی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
حماس نے مزید کہا ہے کہ تنظیم کے وفد نے قاہرہ میں ممتاز فلسطینی قوم پرستوں سے بھی ملاقات کی ہے اور انہیں فتح رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے نتائج اور تفصیلات اور مصرکی تجویز پر تحریک کے موقف سے آگاہ کیا ہے۔