اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) پاکستان نے غزہ کے عوام کی منتقلی کی بات کو غیرمنصفانہ، تکلیف دہ اور تشویشناک قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے کہیں اور بھیجنا انتہائی تشویشناک ہے، فلسطین کے بارے میں پاکستان کا موقف واضح ہے پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان ناانصافی پر مبنی ہے پاکستان کی فلسطین کےحوالے سے پوزیشن واضح ہے، ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترجمان نے غزہ کے عوام کی منتقلی کی بات کو غیرمنصفانہ، تکلیف دہ اور تشویشناک قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرے جب کہ ترجمان نے غزہ سے قیدیوں کی منتقلی سے متعلق تجویز یا درخواست آنے کی خبروں کی بھی نفی کی۔
ترجمان نے غزہ میں اسرائیل کے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فلسطین کے بارے میں پوزیشن بڑی واضح ہے، پاکستان فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔