مقبوضہ بیت المقدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسرائیلی قابض فوج نے اعلان کیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے 6 غزہ کی پٹی میں اور 5 جنوبی لبنان میں لڑائیوں میں زخمی ہوئے۔
یہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قابض فوج کی جانب سے خیام قصبے پر قبضے کی کوششوں میں لبنان کے خلاف اسرائیلی فضائی جارحیت تیز کردی ہے جہاں اسے حزب اللہ کے مجاھدین کی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔
قابض فوج کے ترجمان نے بتایا کہ غزہ اور لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 فوجی زخمی ہوئے۔
اس سے قبل لبنانی حزب اللہ کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شمالی اور وسطی علاقوں پر میزائل اور ڈرون حملے کے نتیجے میں 6 اسرائیلی زخمی ہوگئےتھے۔
اسرائیل کے سرکاری اعلانات کے مطابق نومبر کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور لبنان میں اسلامی مزاحمت کی کارروائیوں اور بمباری میں 29 اسرائیلی فوجی اور آباد کار ہلاک ہو چکے ہیں۔
گذشتہ اکتوبر میں اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے کہا تھا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 885 آباد کار ہلاک اور 70,000 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ ان اعدادو شمار میں قابض فوج، پولیس اور ہنگامی ٹیموں کے مارے جانے والے اہلکار شامل نہیں۔ فوج کی طرف سے 14 اگست کو شائع ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، قابض وزارت دفاع میں بحالی کے شعبے کو جنگ کے آغاز سے اب تک 10,56 زخمی فوجی موصول ہوئے ہیں۔ہر ماہ ہزاروں اسرائیلی فوجی زخمی ہو رہے ہیں۔