مغربی کنارہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے رہ نما محمود مرداوی نے جنین میں فلسطینی عوام کے تمام طبقات سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض دشمن کے خلاف مزاحمت کرنے اور مغربی کنارے میں اس کے جرائم اور گھناؤنے منصوبوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
مرداوی نے پیر کے روز ایک پریس بیان میں اس بات پر زور دیا کہ غزہ کی پٹی کے خلاف جاری تباہ کن نسل کشی کی جنگ اور مغربی کنارے میں الحاق، نقل مکانی اور آبادکاری کے منصوبوں کے لیے ہر ایک کو مزاحمت کے آپشن کے تحت کوششوں اور ہم آہنگی میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے اداروں کی جانب سے مزاحمتی ارکان کا تعاقب ، گرفتاریاں اورجنین شہر میں کے سرکاری ہسپتال پر دھاوا بولنا، سماجی دھارے کا شیرازہ بکھیرنے کا باعث اور شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ یہ صرف قابض اسرائیل کی خدمت کے مترادف ہے۔
مرداوی نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ مزاحمت کاروں پر حملے اور انہیں اذیت دینے سے باز رہیں اور ہسپتالوں اور طبی مراکز پر دھاوا بول کر شہریوں کی طبی خدمات میں خلل نہ ڈالیں۔