غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)فلسطینی مزاحمت کی بہادر قیادت، القسام بریگیڈز اور سرايا القدس نے ہفتے کی شام غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرقی علاقوں میں قابض اسرائیلی افواج کو نشانہ بناتے ہوئے الگ الگ کارروائیاں انجام دیں، جنہوں نے دشمن کے لیے زمین تنگ کر دی۔
اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کی عسکری شاخ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ ان کے مجاہدین نے خان یونس کے مشرقی علاقے الزنہ میں قابض اسرائیلی فوج اور ان کی بکتر بند گاڑیوں پر ایک منظم اور مہلک گھات لگا کر حملہ کیا۔
الاقصیٰ کی حفاظت پر جانیں نچھاور کرنے والے ان دلیر مجاہدین نے اطلاع دی کہ انہوں نے دشمن کی دو بکتر بند گاڑیوں کو بالکل قریب سے نشانہ بنایا۔ اس حملے میں “شواظ” نامی دھماکہ خیز مواد اور ایک دوسرا بم استعمال کیا گیا، جو مزاحمت کی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
القسام بریگیڈز کے مجاہدین نے دھماکوں کے بعد دشمن کی گاڑیوں کی طرف پیش قدمی کی اور ایک قابض اسرائیلی فوجی کو نہایت قریب سے جہنم واصل کر دیا۔ جیسے ہی قابض افواج کی امدادی ٹیم موقع پر پہنچی، مجاہدین نے پہلے سے نصب بارودی سرنگوں کا میدان دھماکے سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں قابض فوج کے کئی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔
بعد ازاں مزاحمتی مجاہدین نے قابض اسرائیلی زخمیوں کو نکالنے کے لیے آنے والی فوجی ہیلی کاپٹروں کی آمد کو بھی ریکارڈ کیا، جو دشمن کی پسپائی اور شکست کا ثبوت تھا۔
ایک اور اعلان میں، القسام بریگیڈز نے بتایا کہ انہوں نے خانیونس کے مشرق میں واقع صہیونی آبادکاروں کے کیمپ “نیرِیم” پر 114 ملی میٹر کے “رجوم” راکٹ سسٹم سے حملہ کیا۔ یہ حملہ اس سرزمین پر صہیونی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کے مسلسل ردعمل کا حصہ ہے۔
دوسری طرف اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرايا القدس نے بھی خان یونس کے مشرقی علاقے قديح میں قابض اسرائیلی فوج کے جمع شدہ دستوں اور ان کی بکتر بند گاڑیوں پر 60 ملی میٹر کے مارٹر گولوں کی بوچھاڑ کر دی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے “السناطي” نامی نئی صہیونی چوکی پر، جو خانیونس کے مشرق میں واقع ہے، قابض فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو بھاری مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی دھڑے سات اکتوبر سنہ2023ء سے مسلسل “طوفان الاقصیٰ” کے عنوان سے غزہ کی مظلوم عوام، ان کے گھروں، ان کے بچوں اور مقدسات کے دفاع میں برسرپیکار ہیں۔ یہ معرکہ مسلسل 616ویں روز بھی بغیر کسی تھکن کے جاری ہے، جس میں مزاحمت دشمن کے ہر ظلم کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔