یروت (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)لبنان میں قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے جنگ بندی کے باوجود جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیلی فوج نے لبنان میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے لبنان کے متعدد علاقوں پر بمباری کی جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔
قومی خبر رساں ایجنسی نے کہا کہ قابض فوج نے توپ خانے نے مرجعون کے میدان پر بمباری کی۔ جب کہ ایک دشمن ڈرون نے صور ضلع کے قصبے مجدل زون میں ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا۔
اسی ذریعے نے بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے شہر صور کی فضائی حدود میں کم اونچائی پر پرواز کی۔
نصف شب کے بعد قابض فوج نے جنوبی لبنان میں خیام قصبے میں مکانات اور عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔
قابض فوج نے خیام اور کفر قلعہ کے قصبوں میں بھاری اور درمیانے درجے کی مشین گنوں سے سویپنگ آپریشن کیا۔
قومی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے ضلع مرجعون کے قصبے محبیب اور وادی سالوقی کے درمیانی علاقے میں “زوردار” بمباری کی۔
لبنان کی سرکاری ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ شہری جمال محمد صعب جو بھیڑوں کا چرواہا ہے کو ڈرون کے ذریعے بمباری کرکے شہید کیا گیا۔
بدھ کی صبح قابض فوج نے لبنانی شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ جنوب کی طرف شعبا، الحباریہ، مرجعون، ارنون، یحمر، القنطارہ، شقرہ، براشیت، یاتر اور المنصوری میں اگلی اطلاع تک سفرنہ کریں۔
لبنانی قومی ایجنسی نے اشارہ کیا کہ قابض ریاست نے لبنان کے 62 دیہاتوں میں واپسی کے خلاف بھی خبردار کیا۔ اس نے الخیام، الناقورہ، ابیل السقی، العدیسہ، بنت جبیل، عین عرب مرجعون، کفر حمام، کفر کلا، کفر شعبہ اور مرجعون کےباشندوں کو واپسی سے روک رکھا ہے۔