غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن )ا غزہ میں ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا ہے کہ “رادع” فورس نے منگل کی صبح جنوبی غزہ میں ایک نہایت حساس اور کامیاب سکیورٹی آپریشن کیا جس کا ہدف عدلیہ سے مفرور شخص یاسر ابوشباب کی قیادت میں سرگرم ملیشیا تھی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ملیشیا کے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے عسکری نوعیت کا سامان اور ہتھیار برآمد ہوئے جو تخریبی سرگرمیوں میں استعمال ہو رہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ فورس نے علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے ہوئے تمام مطلوب افراد کو بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کر لیا۔
اسی سکیورٹی ذریعے کے مطابق یہ کارروائی کئی دنوں کی خفیہ نگرانی کے بعد عمل میں لائی گئی۔ فورس نے ملیشیا کے کارندوں کی نقل و حرکت پر باریک بینی سے نظر رکھی اور علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد نہایت پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مشن مکمل کیا۔
“رادع” فورس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے آپریشن جاری رکھے گی تاکہ ان تمام “فسادی اور غداروں کے ٹھکانوں” کو ختم کیا جا سکے جو معاشرتی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ فورس نے کہا کہ وہ قانون سے باہر سرگرم تمام عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا تعاقب جاری رکھے گی یہاں تک کہ غداری کی جڑیں کاٹ کر پورے غزہ میں انصاف کا بول بالا کیا جا سکے۔