الخلیل (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کو علی الصبح مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر چھاپوں اور گرفتاریوں کی مہم شروع کی جس میں مزید کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
الخلیل میں مقامی ذرائع نے بتایا کہ درجنوں فوجیوں پر مشتمل قابض فوج کی ایک بھاری نفری نے علی الصبح الخلیل شہر کے شمال میں واقع العروب کیمپ پر دھاوا بولا اور شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے جس میں بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے ساتھ شہریوں کو زدو کوب کیا گیا۔
ابتدائی اندازےکےمطابق العروب کیمپ کے رہائشیوں نے بتایا کہ 25 سے زائد شہریوں کو گرفتار کر کے سخت حالات میں تفتیش کے لیے لے جایا گیا، جن میں سابق قیدی بھی شامل ہیں۔
قابض فوج نے العروب کیمپ میں ’یو این آر ڈبلیو اے‘ کے ہیلتھ سنٹر پر بھی دھاوا بول دیا اور اس میں موجود قیمتی سامان کی توڑ پھوڑکے بعد دفتر کو فوجی بیرک میں تبدیل کر دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فورسز نے کیمپ سے گرفتار ہونے والے درجنوں شہریوں کے لیے’انروا‘ مرکز کو حراستی اور تفتیشی مرکز کے طور پر استعمال کیا۔
موجودہ حالات کے پیش نظر فلسطینی اتھارٹی نے العروب کیمپ میں قابض فوج کے انخلاء تک تعلیمی ادارے بند کرنےکا اعلان کیا ہے۔
العروب کیمپ پر قابض فوج کے بار بار چھاپے اور کیمپ میں مشتعل نوجوانوں کے ساتھ تصادم دیکھنے میں آرہا ہے۔
قابض فوج نے الخلیل کے شمال میں العروب کیمپ کے داخلی راستے پر آباد کاری کی سڑک سے متصل ایک مکان کو بھی مسمار کرنا شروع کر دیا۔
رام اللہ میں قابض فوج نے گرفتاری کی مہم شروع کی جس میں رام اللہ کے شمال میں واقع گاؤں ابوین کے کم از کم 8 شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
ایک مقامی ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت محمد احمد درداس، محمد سعد انساوی، محمد موفق، ہشام ریاض، قصی سبحانی، شیخ وجیہہ، مثنا وجیہہ اور محمد السلول کے ناموں سے کی گئی ہے۔
نابلس میں قابض اسرائیلی فوج نے آج بدھ کی صبح سویرے نابلس شہر اور اس کے جنوب میں واقع قصبے بیطا سے تین شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے نابلس کے مشرقی علاقے میں دھاوا بولا، نواحی علاقے میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور محمد جمیل عقوب نامی نوجوان کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا۔
اسی تناظر میں قابض فوج نے نابلس کے جنوب میں واقع قصبے بیطا پر دھاوا بول کر دو بھائیوں محمد اور موسیٰ ریاض الجبالی کو گرفتار کر لیا۔
طولکرم میں قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح سویرے شہری سیرین سعیدی کو بیت لِد کے قصبے میں اس کے گھر پر چھاپہ مارنے اور گھر میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کے بعد گرفتار کرلیا۔
گذشتہ رات قابض اسرائیلی فوج نے طولکرم اور نور شمس کیمپوں سے بے گھر ہونے والے متعدد شہریوں کو طولکرم شہر کی ایک مسجد سے گرفتار کیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ قابض فوج کی بھاری نفری نے شہر کے وسط میں واقع نئی مسجد عثمان بن عفان پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود بے گھر افراد کو وہاں سے ہٹایا، اور انہیں گرفتار کرنے سے قبل انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قابض فوج نے اسی علاقے میں حجازی خاندان کے گھر پر چھاپہ مارا، وہاں کے مکینوں کی شناخت پریڈ کی اور ان سے پوچھ گچھ کی۔
بیت لحم میں قابض اسرائیلی فوج نے آج بدھ کو شہر کے جنوب میں بیت فجار نامی قصبے سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
ایک مقامی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے قصبے پر دھاوا بول دیا اور کئی محلوں میں پوزیشنیں سنبھال لیں، شہری شہر صابر دیریہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کے پچیس سالہ بیٹے بلال کو گرفتار کرلیا۔