جنین (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے جنوب میں واقع قصبے قباطیہ میں منگل کی شام قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین نوجوان شہید ہوگئے، جس کے بعد مغربی کنارے میں منگل کے روز شہید ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی۔
وزارت صحت نے کہا کہ تین نوجوان جنین کے جنوب میں واقع قصبے قباطیہ میں قابض فوج کی فائرنگ سے شہید ہوئے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا کہ اس کے عملے نے ایک گاڑی پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے دو فلسطینیوں کی لاشیں قباطیہ قصبے میں واقع میڈیکل کمپلیکس منتقل کیں۔
قابض فوجیوں نے ایک کار کو جان بوجھ کر ایک فوجی گاڑی سے ٹکرانے کے بعد اس پر براہ راست گولیاں برسائیں اور اسے رکنے پر مجبور کیا۔
منگل کو قابض اسرائیلی فوج نے مسلح جھڑپوں کے دوران جنین کے جنوب میں واقع قصبے قباطیہ میں ایک مکان کو گھیرے میں لے لیا۔
قابض فوج کی سپیشل فورسز نے قباطیہ قصبے پر دھاوا بولا۔ ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا اور اس پر کئی گولے داغے۔
قابض فوج نے محصور مکان کے قریب گھروں میں موجود شہریوں کو گھروں سے نکلنے پر مجبور کیا جب کہ انہوں نے ایک نوجوان کو انسانی ڈھال کے طور پر حراست میں لے لیا۔
مزاحمتی فورسسز اور قابض فوج کے درمیان پرتشدد مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ قباطیہ قصبے پر گولیوں اور بموں سے دھاوا بول دیا۔ اس دوران سنگ باری سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔