رام اللہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) فلسطینی وزارت صحت کے مطابق قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید ایک فلسطینی قیدی کی شہادت کے علاوہ مغربی کنارے میں قابض فوج اور آباد کاروں کی فائرنگ سے گزشتہ جمعہ کی صبح سے لے کر اب تک سات فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں۔
وزارت صحت نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ اسی عرصے کے دوران 75 شہری زخمی ہوئے، جن میں سے زیادہ تر قابض اور آباد کاروں کی جانب سے گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، جن میں سے 14 کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
شہداء 22 سالہ محمد عصام شحماوی ، محمد رسول دراغمہ، شہید جہاد عفیف صدیقی ابو علیا،17 سالہ عمر احمد حامد ، قلقیلیہ سے اسیر شہید عبد الرحیم عبد الکریم عامر ،17 سالہ یزن محمد فوزی اشتیہ، عبدالرحمن ماہر بنی فضیل اور شہید محمد اشرف بنی جمح شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مغربی کنارے میں گذشتہ سات اکتوبر سے اب تک شہداء کی تعداد 468 تک پہنچ گئی ہے اور 4800 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ کی پٹی میں گذشتہ اکتوبر کی سات تاریخ سے اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 33,800 شہری شہید اور 76,400 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔