غرب اردن (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں قابض صہیونی فوج اور انتہا پسند وں کی غندہ گردی کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ فلسطین انفارمیشن سینٹر’معطی‘ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز غرب اردن کے مختلف شہروں میں 32 مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔ ان میں فائرنگ کے واقعات پر مبنی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔
معطی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطینی شہریوں نے قابض فوج پر فائرنگ کی۔بم دھماکے کیے، سنگ باری کی، پرتشدد ریلیاں نکالیں اور یہودی آباد کاروں کا مقابلہ کیا۔ اس طرح مجموعی طور پر غرب اردن میں بتیس مزاحمتی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
اس دوران غرب اردن کے شمالی شہر جنین اور قباطیہ میں قابض فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ مزاحمت کاروں نے جنین پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے ان پر گیارہ بم پھینکے اور ایک فوجی جیپ کو تباہ کردیا۔
مشرقی قلقیلیہ میں فلسطینی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کے حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان پر سنگ باری کی۔
بیت المقدس کے قصبے حزما، جنین کے نواحی علاقے یعبد اور قباطیہ میں فلسطینی شہریوں نے قابض فوج کے خلاف کارروائیاں کیں۔
معطی مرکز کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران فلسطینی شہریوں کی طرف سے 145 مزاحمتی کارروائیاں انجام دی گئیں۔