مغربی کنارہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ رات اور منگل کی صبح مغربی کنارے میں چھاپوں اور گرفتاریوں کی مہم کا آغاز کیا، جس میں متعدد شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں حال ہی میں ’طوفان الاحرار‘ ڈیل میں رہائی پانے والی ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
رام اللہ میں قابض فوج نے نوجوان یاسر حازم الرماوی کو رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع قصبے بیت ریما سے گرفتار کیا جو قیدی احد الرماوی کا بھائی ہے۔
الخلیل میں قابض فوج نے شہر کے شمال میں واقع قصبے صراف سے سابق قیدی اور شہید محمود غنیمات کے بھائی ضیا خالد غنیمات کو گرفتار کیا۔
چھاپوں کے دوران قابض فوج نے رہائی پانے والے قیدی حسن العویوی کو الخلیل شہر میں ان کے گھر پر دھاوا بولنے کے بعد اور نوجوان خالد البطاط کو جنوب میں واقع قصبے ظاہریہ میں ان کے گھر پر دھاوا بولنے کے بعد گرفتار کر لیا۔
الخلیل شہر میں دھاوے کے دوران قابض فوج نے نوجوان ابراہیم ابو سنیہ اور فوزی الجنیدی کو گرفتار کر لیا۔
قابض فوج نے طوفان الاقصیٰ معاہدے میں رہائی پانے والی خاتون اسراء خضر غنیمات کو بھی الخلیل کے شمال میں واقع قصبے صوریف سے گرفتار کیا۔
طولکرم میں قابض فوج نے شہر کے نواحی علاقے شوائیکا سے شہید ایمن طنجی کے بھائی ادھم طنجی کو گرفتار کر لیا۔
نابلس میں مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے نابلس کے مشرق میں رجیب میں ان کے گھروں پر دھاوا بولنے کے بعد دو نوجوانوں غیث رواجبہ اور لیث فریح دویکات کو گرفتار کر لیا۔
مغربی کنارے میں قابض فوج کی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے، فوجی کارروائیوں، چھاپوں اور گرفتاریوں کے واقعات روز کا معمول ہیں اور آئے روز قابض فوجی نہتے فلسطینیوں کو گرفتار کرتے ہیں۔