غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن قابض اسرائیل کے غیر سرکاری ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں ایک عمارت کے اندر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت منہدم ہو گئی اور ملبے تلے دب کر قابض اسرائیل کے آٹھ فوجی زخمی ہو گئے۔
بعد ازاں قابض اسرائیلی فوج نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی غزہ میں “ایک آپریشنل حادثے” کے دوران اس کے آٹھ فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
صیہونی ویب سائٹ “حدشوت بزمن” کے مطابق عمارت کے اندر گولہ بارود کے پھٹنے کے بعد عمارت زمین بوس ہو گئی، جس کے نیچے آٹھ فوجی دب گئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی گئی ہے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مذکورہ ویب سائٹ نے اس واقعے کو “غیر معمولی، استثنائی اور شدید” قرار دیا اور بتایا کہ قابض فوج نے اس واقعے کی مزید تفصیلات پر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ زخمیوں کو مقبوضہ بیت المقدس کے “ہداسا” ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ قابض فوج کی ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر نے غزہ سے زخمیوں کو “ہداسا” ہسپتال پہنچایا، جہاں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سخت پہرہ لگا دیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب غزہ کی بہادر مزاحمتی تنظیمیں، خصوصاً القسام بریگیڈز، معرکہ “طوفان الاقصیٰ” کے تحت قابض اسرائیل کی جارح افواج کے خلاف جرأت مندانہ مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نہ صرف قابض فوج کو افرادی نقصانات کا سامنا ہے بلکہ اس کی عسکری گاڑیاں اور تنصیبات بھی مسلسل حملوں کی زد میں ہیں۔