غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) فلسطینی اسلامی جہاد کے عسکری ونگ “سرایا القدس” نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی غزہ کے شہر خانیونس کے شمال مشرقی علاقے میں قابض اسرائیلی فوج کی ایک بکتر بند گاڑی کو تباہ کر دیا ہے۔
پیر کی شام سرایا القدس نے اپنی “ٹیلیگرام” چینل پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ”محاذ سے واپسی پر ہمارے مجاہدین نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے شمال مشرقی خانیونس کے علاقے ابو ہداف میں پہلے سے نصب ‘ثاقب’ نامی دھماکہ خیز آلے کے ذریعے قابض اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی کو کامیابی سے نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔”
یہ کارروائی اس عظیم مزاحمتی جدوجہد کا تسلسل ہے جو فلسطینی مزاحمتی گروہ “طوفان الاقصیٰ” کے معرکے کے تحت غزہ کے اندر جاری قابض اسرائیلی فوجی دراندازی کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں گزشتہ ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کے خلاف بے جگری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔ یہ مزاحمت نہ صرف دفاع وطن کا ایک مظہر ہے بلکہ فلسطینی عوام کے عزم، صبر اور آزادی کی تڑپ کی عملی تصویر بھی ہے۔
سرایا القدس کی یہ تازہ کارروائی واضح پیغام ہے کہ فلسطینی سرزمین پر قابض ریاست کو نہ تو آرام نصیب ہوگا اور نہ ہی اس کی جارحیت بغیر قیمت چکائے قبول کی جائے گی۔ قابض اسرائیلی فوجی گاڑیاں اور سازوسامان، فلسطینی مزاحمت کی مضبوط دیوار سے مسلسل ٹکرا رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین اس موقع پر ایک بار پھر دنیا کو یاد دلاتا ہے کہ قابض اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت اور جنگی جرائم کا سامنا کرنے کے باوجود فلسطینی عوام نے جھکنے سے انکار کیا ہے۔ وہ آج بھی اپنی آزادی، خودمختاری اور القدس کے دفاع کے لیے میدان عمل میں ہیں۔