غزہ – فلسطین فائونڈیشن پاکستان: فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ امریکی اور مغربی طاقتوں کی مدد سے غزہ کی پٹی میں معصوم فلسطینیوں کے خلاف قابض صہیونی فوج کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں مزید چالیس فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف 3 قتل عام کیے، جن میں 40 فلسطینی شہید اور 134 زخمی ہوئے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے اب تک جاری صہیونی جارحیت میں 40,139 فلسطینی شہید اور 92,743 زخمی ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ابھی بھی بہت سے متاثرین ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں، اور ایمبولینسوں اور شہری دفاع کے عملے تک ان تک رسائی نہیں ہو پا رہی۔
خیال رہے کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے “اسرائیلی” قابض افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہو چکے ہیں، اور 20 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 80 فیصد سے زیادہ تباہ ہو چکا ہے، اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔
ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث روزانہ بچوں اور دیگر شہریوں کی اموات کی خبریں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب، غاصب صہیونی دشمن ریاست نے جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور وہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم اور مسلسل نسل کشی پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ قائم ہے۔