بیروت (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن )ا قابض اسرائیلی فوج کی ایک جارح ڈرون کارروائی میں بدھ کی صبح جنوبی لبنان میں ایک لبنانی شہری شہید ہو گیا جب ڈرون نے اس کی موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا۔
لبنانی سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے قصبے عین قانا میں پرانے قبرستان سڑک پر گزرنے والی موٹر سائیکل پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اس کا سوار موقع پر شہید ہو گیا۔
لبنانی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ شہید کی شناخت عیسیٰ کربلائی کے نام سے ہوئی ہے جو عین قانا، اقلیم التفاح کے علاقے میں قابض اسرائیلی ڈرون کے حملے میں جامِ شہادت نوش کر گیا۔
قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر حملے اب تقریباً روزانہ کا معمول بن چکے ہیں جن میں مشرقی اور جنوبی لبنان کے متعدد قصبوں میں شہداء اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ قابض اسرائیل ان حملوں کو حزب اللہ کے ٹھکانوں اور عناصر کے خلاف کارروائیاں قرار دیتا ہے، حالانکہ حقیقت میں یہ لبنانی عوام کے خلاف کھلی جارحیت اور قتل عام ہے۔
واضح رہے کہ اکتوبر سنہ2023ء میں قابض اسرائیلی فوج نے لبنان پر وحشیانہ حملے شروع کیے جو ستمبر سنہ2024ء میں ایک ہمہ گیر جنگ میں بدل گئے۔ اس خونریز جنگ میں چار ہزار سے زائد لبنانی شہری شہید اور سترہ ہزار کے قریب زخمی ہوئے۔
اگرچہ نومبر سنہ2024ء میں حزب اللہ اور قابض اسرائیل کے درمیان فائر بندی کا معاہدہ طے پایا تھا مگر قابض فوج نے اس معاہدے کی چار ہزار پانچ سو سے زیادہ مرتبہ خلاف ورزی کی، جس کے نتیجے میں سیکڑوں شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
فائر بندی کی کھلی خلاف ورزی کے ساتھ قابض اسرائیل اب بھی جنوبی لبنان کی پانچ پہاڑیوں پر قابض ہے جنہیں اس نے حالیہ جنگ میں زیرِ قبضہ کیا تھا، اس کے علاوہ وہ کئی علاقے پہلے ہی سے دہائیوں سے اپنے تسلط میں رکھے ہوئے ہے۔