غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید اور 71 زخمی ہوئے ہیں جو مختلف ہسپتالوں میں پہنچائے گئے۔
وزارت صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ قابض اسرائیل کے سات اکتوبر سنہ2023ء سے جاری فوجی حملوں کے نتیجے میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 67 ہزار 211 اور زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 69 ہزار 961 تک جا پہنچی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ 18 مارچ سنہ2025ء سے آج تک کے عرصے میں 13 ہزار 598 فلسطینی شہید اور 57 ہزار 849 زخمی ہوئے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے ہسپتالوں میں 5 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لایا گیا جو امدادی کارروائیوں کے دوران قابض اسرائیلی فوج کے نشانے پر آئے۔ اس طرح رزقِ حلال کمانے والے محنت کشوں کی شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 615 ہو گئی ہے جبکہ ان میں زخمیوں کی تعداد 19 ہزار 182 سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ اعداد و شمار اس حقیقت کی گواہی دیتے ہیں کہ قابض اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف جاری یہ جنگ محض فوجی کارروائی نہیں بلکہ ایک منظم نسل کشی ہے جس میں عورتوں، بچوں اور عام شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ غزہ کو قبرستان میں بدل دیا جائے۔