غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) منگل کی شام غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی فوجی گاڑی پر ایک بارودی مواد کے دھماکے سے کم از کم 5 قابض فوجی زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔
عبرانی ذرائع نے تصدیق کی کہ وسطی غزہ میں ایک بارودی حملے میں 5 قابض فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
حرکتِ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ان کے مجاہدین نے وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ایک قابض اسرائیلی ٹینک کو “یاسین 105” راکٹ سے نشانہ بنایا۔
القسام بریگیڈز نے مزید کہا کہ حملہ دیر البلح کے جنوب مشرق میں ابو ہولی چوراہے کے نزدیک کیا گیا۔
عبرانی ذرائع نے بتایا کہ مزاحمت کی جانب سے وسطی غزہ میں کمین کے نتیجے میں جولانی بریگیڈ کا ایک فوجی بھی زخمی ہوا۔
گزشتہ روز بھی قابض اسرائیل کی فوج نے مزاحمتی فورسز کے ساتھ وسطی اور جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران دو فوجی کھو دیے، جبکہ متعدد زخمی ہوئے، جن میں کچھ کی حالت نازک ہے۔
قابض اسرائیل کی فوج نے غزہ پر سنہ 2023ء سے جاری تباہ کن نسل کشی جنگ میں اب تک 895 فوجی کھو دیے، جن میں 451 افراد زمینی لڑائیوں میں مارے گئے، جبکہ 6108 دیگر زخمی ہوئے، جن میں سے 2803 زخمی زمینی محاذ پر ہیں۔ یہ اعداد قابض فوج کی جانب سے جاری کردہ ہیں۔
قابض اسرائیل اپنی فوجی نقصانات کی اصل تعداد چھپانے میں مصروف ہے، جس کی وجہ سے یہ تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔