غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اسلامی جہاد کی عسکری شاخ سرايا القدس نے قابض اسرائیل کی ایک فوجی گاڑی کو مشرقی غزہ کے محلہ الزیتون میں ایک زوردار دھماکے سے تباہ کر دیا۔ یہ کارروائی بدھ کی شام اس وقت انجام دی گئی جب دشمن کی ایک گاڑی غزہ کی گلیوں میں گھسنے کی کوشش کر رہی تھی۔
مزاحمتی جوانوں نے مہارت اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ دھماکہ خیز مواد کو دشمن کی گاڑی کے راستے میں اس طرح نصب کیا کہ جیسے ہی صہیونی فوجی گاڑی اس مقام سے گزری، ایک شدید دھماکہ ہوا جس نے گاڑی کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور اس میں سوار صہیونی فوجی زخمی ہو گئے۔
یہ کارروائی “طوفان الاقصى” کے عنوان سے جاری جنگِ آزادی کا حصہ ہے، جس میں فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں، بشمول سرايا القدس، قابض اسرائیل کی مسلسل اور درندہ صفت جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔ یہ جدوجہد ایک سال سے زائد عرصے سے جاری ہے، اور اس دوران قابض فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود فلسطینی عوام نے اپنے حقِ خودارادیت اور وطن کی آزادی کے لیے انتھک قربانیاں دی ہیں۔