وادی اردن – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) فلسطین کی سرزمین پر ظلم و جبر صرف انسانوں تک محدود نہیں رہا، بلکہ اب قابض اسرائیل کے وحشی آبادکار بے زبان جانوروں پر بھی ظلم ڈھا رہے ہیں۔ گزشتہ شب شمالی اَغوار کے علاقے “الشق” میں صہیونی شدت پسندوں نے درندگی کی ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے 117 بے زبان بھیڑوں کو چھریوں اور گولیوں سے بے دردی سے مار ڈالا۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گاؤں “المالح” کے قریب پیش آیا، جہاں قابض اسرائیل کے مسلح آبادکاروں نے فلسطینی چرواہوں کے مویشی چرا لیے، اور جنہیں ساتھ نہ لے جا سکے، انہیں ذبح کر کے چھوڑ دیا۔
یہ ظلم رات کی تاریکی میں برپا ہوا۔ آبادکاروں نے نہ صرف فلسطینی دیہاتیوں کے خیموں پر دھاوا بولا، بلکہ ان پر حملہ بھی کیا، اور ان کے قیمتی جانوروں کو یا تو چرا کر لے گئے یا موت کے گھاٹ اتار دیا۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا نے پورے گاؤں کو اپنے حصار میں لے لیا ہے۔
یہ واقعہ محض جانوروں کی ہلاکت نہیں، بلکہ قابض اسرائیل کی اُس نسل پرستی اور مجرمانہ سوچ کا عکس ہے جو فلسطینی وجود کو ہر شکل میں مٹانا چاہتی ہے۔ کبھی انسانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، کبھی ان کے مکانات کو مسمار کیا جاتا ہے، اور کبھی ان کے معاشی وسائل، حتیٰ کہ ان کے مویشی تک ظلم و نفرت کا شکار بنائے جاتے ہیں۔