غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی درندگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ غزہ کی سرزمین پر جاری نسل کشی نے 594 دن مکمل کر لیے ہیں اور ہر گذرتا لمحہ انسانی تاریخ کی سیاہ ترین داستانوں میں ایک اور ہولناک باب کا اضافہ کر رہا ہے۔
یہ سب کچھ اس وقت پھر سے شروع ہوا جب بنجمن نیتن یاھو نے جنگ بندی کے معاہدے سے یکطرفہ انحراف کرتے ہوئے امریکی عسکری اور سیاسی حمایت کے بل پر ظلم کی آگ مزید بھڑکائی۔ دنیا بھر کی حکومتیں خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں، اور عالمی ضمیر شاید مردہ ہو چکا ہے۔
غزہ کے نہتے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ ہر جانب سے بم برس رہے ہیں۔ فضا انسانی آہوں، سسکیوں اور بچوں کے بلکتے وجودوں سے لرز رہی ہے۔
آج صبح سے اب تک کی صورتحال
طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 42 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان میں مائیں بھی شامل ہیں، بچے بھی، اور بزرگ بھی، جن کا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ غزہ کے باشندے تھے۔
خان یونس کے جنوبی علاقے قیزان النجار میں طارق محمد حمدان البیوک صہیونی حملے میں جام شہادت نوش کر گئے۔
غزہ کے علاقے التفاح کے مشرقی حصے شارع الشعف میں شہریوں پر بمباری کی گئی، جس میں دو افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال المعمدانی منتقل کیا گیا۔
الفخاری میں صبح سویرے ہونے والے حملے میں ماجد محمد سلمان العمور شہید ہوئے۔
خان یونس کے مغربی علاقے اصداء میں بے گھر فلسطینیوں کی خیمہ بستی پر بمباری کی گئی، جس میں کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔
شمالی غزہ کے العودہ ہسپتال کے ادویات کے گودام کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
مشرقی خان یونس میں عائلہ ابو نجا کے گھر پر بمباری سے تین افراد زخمی ہو گئے۔
اسی علاقے میں فوزی محمد فوزی النجار اور عدنان محمد فوزی النجار، دو سگے بھائی قابض اسرائیل کے حملے میں شہید ہو گئے۔
محمد سلیمان ابو قويدر خان یونس میں ایک اور اسرائیلی حملے میں جام شہادت نوش کر گئے۔
بلدہ القرارہ پر بھی توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔
وسطی غزہ کے علاقے دير البلح میں برکہ کے قریب پانی کے حوض کے پاس ایک برکس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دس افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
تل الزعتر میں واقع العودہ ہسپتال کو محاصرہ میں لے لیا گیا ہے۔ قابض اسرائیلی افواج نے وہاں کی طبی خیموں اور ایندھن کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایا۔ ہسپتال نے اطلاع دی ہے کہ ہسپتال کے صحن میں صہیونی فوجی گھس آئی ہے اور اندھا دھند فائرنگ کر رہے ہیں۔ عمارت کے تیسرے اور چوتھے فلور کو بھی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
شمالی غزہ کے شارع المخابرات میں بمباری کے نتیجے میں کئی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
نصيرات کے کیمپ نمبر 1 میں واقع مسجد سید قطب کے قریب ایک گھر پر بمباری سے تین معصوم بچے اور ایک بچی زخمی ہو گئے۔
دير البلح کے مرکز جمعيہ العودہ میں ایمبولینس آفیسر امیر ریحان صہیونی بمباری میں اس وقت زخمی ہوئے جب وہ بے گھر افراد کے لیے قائم خیمے میں موجود تھے۔
دير البلح کے الصداقہ کیمپ میں ایک اور خیمہ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک اور فلسطینی شہید ہوگیا۔
بلد القرارہ میں آج صبح قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر عمارتوں کو زمین بوس کیا، گھروں کو دھماکوں سے اڑا دیا۔
شمالی غزہ کے علاقے الصفطاوی میں ایک گھر پر بمباری سے چار فلسطینی شہید ہو گئے۔
بیت لاہیا میں بھی صہیونی افواج نے رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے مٹا دیا۔
خان یونس کے جنوبی حصے پر آج صبح ایک اور فضائی حملہ کیا گیا۔