جنوبی افریقہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) جنوبی افریقہ نے امید ظاہر کی ہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف [آئی سی جے] آئندہ جمعے کو غزہ میں جنگ روکنے سے متعلق ہنگامی اقدامات کے بارے میں فیصلہ سنا سکتی ہے۔
اس امر کا اظہار مقدمے کی کارروائی سے آگاہ دو ذرائع نے جنوبی افریقہ کے نیوز24 نامی پورٹل سے بات کرتے ہوئے کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کی وزارت انصاف کے ترجمان نے غیر ملکی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’’ابھی تک کوئی اعلامیہ جاری نہیں ہوا، جبکہ دوسری جانب اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس ضمن میں اپنی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
جنوبی افریقہ نے 29 دسمبر 2023 کو انصاف کی عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ عدالت یہ واضح کرے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی گروپ حماس کے خلاف کریک ڈاؤن کی آڑ میں مبینہ نسل کُشی کر رہا ہے
اس مقدمے میں جنوبی افریقہ نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عارضی یا قلیل مدتی اقدامات کرے جس میں اسرائیل کو غزہ میں اپنی فوجی مہم روکنے کا حکم دیا جائے، غزہ کو معاوضے کی پیشکش کی جائے اور تعمیر نو کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں۔