غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے معاہدے کے حوالے سے اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ فلسطینی عوام کی عظمت اور غزہ میں مزاحمت کے بے مثال جذبے کا غماز ہے، جو پچھلے پندرہ ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہے۔
یہ معاہدہ فلسطینی عوام، ان کی مزاحمت، امت مسلمہ اور عالمی سطح پر آزادی پسندوں کی ایک مشترکہ کامیابی ہے، جو ہمارے جدوجہد کے سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمارے عوام کی آزادی اور واپسی کے حقوق کی حصول کی راہ ہموار کرتا ہے۔
معاہدہ اس عزم کا اظہار ہے کہ غزہ کے صابر اور شجاع عوام کی حمایت اور دفاع ہمارا فرض ہے، اور اسرائیلی جارحیت کو روکتے ہوئے خونریزی، قتل عام اور نسل کشی کو ختم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ہم ان تمام باوقار سیاسی اور عوامی موقفوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے غزہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، ہمارے حق میں آواز بلند کی اور عالمی سطح پر اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ خاص طور پر قطر اور مصر کا شکریہ جنہوں نے اس معاہدے کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔