ایران(مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن )اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے صیہونی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ میں عام شہریوں پر حملے، انسانیت پر ظلم اور جنگی جرائم کا سلسلہ فوری طور پر بند کر دے۔
حسین امیر عبداللہیان ایک وفد کو ساتھ لے کر شام کے اعلی حکام سے ملاقات اور دوطرفہ امور، فلسطین اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں مذاکرات کے لئے مشق کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر بشار اسد کے ساتھ بہت اہم گفتگو ہوئی ہے جبکہ جناب فیصل المقداد کے ساتھ بھی فلسطین کی تازہ ترین صورتحال اور بچوں کی قاتل اور نسل پرست صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے بارے میں مذاکرات ہوئے ہیں۔حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ہمیں ملنے والی رپورٹوں کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی بعض چھاؤنیاں اور فوجی مراکز فلسطینی استقامت کے کنٹرول میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت ان علاقوں میں استقامت کے مجاہدین کا مقابلہ کرنے کی توانائی نہیں رکھتی ہے اسی لئے وہ غزہ میں عام شہریوں، خواتین اور بچوں قتل عام کر رہی ہے۔