غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ کی پٹی میں دراندازی کے علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کی گاڑیوں اور قابض فوج کے مراکز کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کے سلسلے کا اعلان کیا۔
القسام بریگیڈز نے وسطی غزہ کی پٹی میں بریج پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں گھسنے والی قابض افواج کے ساتھ جھڑپوں کے مناظر نشر کیے ہیں۔ ان مناظر میں الیاسین 105 گولوں کے ساتھ D9 ملٹری بلڈوزر کو نشانہ بنانا اور اسی قسم کے ایک اور بلڈوزر کو RBG میزائل سے نشانہ بنانا شامل تھا۔ القسام نے یاسین 105 گولے سے مرکاوہ کے ٹینک کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں علاقے سے قابض فوج پسپا ہوگئی۔
ایک اور رپورٹ میں القسام بریگیڈز نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت لاہیہ کے مرکز میں واقع اسلامی سوسائٹی کے علاقے میں الیاسین 105 گولے سے اسرائیلی مرکاوہ ٹینک کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا۔
القسام کے مجاھدین غزہ کی پٹی کے شمال میں بیت لاہیہ شہر کے وسط میں واقع اسلامی سوسائٹی کے علاقے میں 12 فوجیوں پر مشتمل اسرائیلی پیدل فوج کو اینٹی پرسنل میزائل سے نشانہ بنانے میں بھی کامیاب رہے۔
القسام نے ایک تیسری رپورٹ میں اعلان کیا جس میں بتایا کہ مجاھدین نے شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاھیہ شہر کے وسط میں الجوانی کے علاقے میں 5 اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنا کرہلاک کردیا۔
الاقصیٰ بریگیڈز نے اعلان کیا کہ اس نے قابض اسرائیلی فوج کے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول ہیڈ کوارٹر پر “نیٹزاریم” کے محور میں، “107” میزائل سے بمباری کی ہے۔