اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے عالم اسلام کی 74لاکھ افواج اور 58اسلامی ممالک کے باوجود فلسطینی مسلمانوں کا کوئی مددگار نہیں۔ غزہ آج کا کربلا ہے۔
حضرت امام حسینؓ نے میدانِ کربلا میں لازوال قربانی دے کر امت کو پیغام دیا کہ حقیقی مسلمان وہی ہے جو ظالم کا مخالف اور مظلوم کا حامی بن کر رہے ۔
بے حس حکومت غزہ المیہ پر آئی ایم ایف سے قرضے لینے کیلئے خاموش ہے۔ تحریک آزادی فلسطین کامیاب ہوگی اوراسرائیلی ناسور کا خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی فلسطین مرکز حُریت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقعے پرعلامہ حسنین گردیزی ، علامہ مرزا یوسف حسین، حماس کے پاکستان میں ترجمان خالد قدومی،علامہ غلام عباس رئیسی، علامہ امتیاز علی رضوی اور مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نابودی کے سفر پر تیزی سے گامزن ہے۔ پاکستان میں اسرائیل کے ہمدردوں کی سرگرمیاں قبول نہیں۔ حماس و حزب اللہ اور جہاد اسلامی کے اتحاد نے دشمن کی صفوں میں کہرام مچا رکھا ہے۔ بیت المقدس کی ظلم سے نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے ۔ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔