غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) غاصب صیہونی فوج نے امریکی اور مغربی ممالک کی فوجی مدد سے غزہ کی پٹی میں نسلی کشی کی بھیانک مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ آج 16 ستمبر سوموار کے روزفلسطینیوں کی نسل کشی کا مسلسل346 واں روز ہے۔ قابض فوج نے آج غزہ میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے مزید وحشیانہ حملے کیے ہیں جن میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
ہمارے نامہ نگاروں نے اطلاع دی ہے کہ قابض طیاروں اور توپ خانوں نے آج سوموار کے روز غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری کی جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق جنوبی خان یونس کے علاقے میں قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں دو شہری شہید ہوگئے جن کے جسد خاکی ناصر ہسپتال منتقل کیا۔ ان کی شناخت قضایا عیادہ ایوب ابو شعر اور مروان ابراہیم حسین ابو شعر کے ناموں سے کی گئی ہے۔
وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ میں ایک مکان پر قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں 10 شہری شہید اور 13 زخمی ہوگئے۔
رفح شہرکے شمال مغرب میں زغلول ریفریجریٹر کے سامنے ابو شعر خاندان کے پولٹری فارم پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد شہری زخمی ہو گئے۔
گُذشتہ رات قابض فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی خاندانوں کے خلاف ایک نیا قتل عام کیا۔غزہ شہر کے شمال میں الشیخ رضوان محلے میں ابو اسکندر کے علاقے میں “بہلول” خاندان کے ایک آباد مکان پر بمباری کی جس میں متعدد شہری شہید ہوگئے۔
قابض اسرائیلی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 4 شہری شہید ہو گئے۔ الشیخ رضوان کلینک کے طبی ذرائع کے مطابق ان میں ایک بزرگ خاتون بھی شامل ہے۔ متعدد شہری زخمی اور لاپتہ ہیں۔
سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ اس کا عملہ غزہ شہر کے شمال میں ابو اسکندر کے علاقے میں بہلول خاندان کے گھر پربمباری کے بعد دو لاپتہ بچوں کی تلاش کر رہا ہے۔
اسی طرح کے مقامی اور طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ الزیتون محلے میں اپنے گھروں کو دیکھنے جانے والے فلسطینی شہریوں پر صہیونی فوج کی بمباری میں “البورنو” خاندان کے 5 افراد شہید ہوگئے۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال کی طرف سے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق قابض فوج کی جارحیت، پناہ گاہوں اور رہائشی مکانات پر بمباری اور عام شہریوں اور ان کے اجتماعات کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 24 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع النصیرات کیمپ میں القسام قبرستان کے قرب و جوار میں واقع القصاص خاندان کے ایک گھر کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں پیر کی صبح نو شہری شہید اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ سمیر عادل الصالحی نامی نوجوان وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ پر بمباری میں زخمی ہونے کے بعد چل بسا۔
آج صبح سویرے قابض اسرائیلی فوج کی گاڑیوں نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح کے مضافات میں بے گھر ہونے والے افراد کے خیموں پر گولہ باری کی، جب کہ قابض فوج نے شہر کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا۔
آج صبح کے وقت قابض فوج نے وسطی غزہ کی پٹی میں بریج مہاجر کیمپ کے شمال مشرق میں عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔
فلسطینی شہری دفاع نے اطلاع دی ہے کہ اس کا عملہ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الشماء کے علاقے پر قابض فوج کی بمباری کے دوران متعدد بچوں کو بچانے میں کامیاب رہا۔