مقبوضہ بیت المقدس (مرکزاطلاعات فلسطین فاوؑنڈیشن) اسرائیلی قابض فوج نے پیر کے روز اعتراف کیا کہ غزہ کی پٹی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لڑائی میں 14 فوجی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے قابض فوج کے ایک بیان کا حوالہ دیا جس میں اس نے کہا کہ “جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک 3,703 افسران اور فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں 1,878 افسران اور فوجی زمینی آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے‘‘۔
قابض فوج نے مزید کہا کہ “غزہ کی لڑائی میں زخمی ہونے کے بعد 254 افسران اور فوجی اب بھی زیر علاج ہیں، جن میں سے 32 کو شدید زخم آئے ہیں”۔
خیال رہے کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے “اسرائیلی” قابض افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے کے علاوہ 20 لاکھ افراد بے گھرہوچکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 70 فیصد سے زیادہ تباہ ہوچکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔
ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث آئے روز بچوں اور دیگرشہریوں کی اموات کی خبریں آ رہی ہیں۔ دوسری جانب غاصب صہیونی دشمن ریاست نے جنگ بندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں اور وہ غزہ میں فلسطینیوں کی منظم اور مسلسل نسل کشی پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ قائم ہے۔