Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

غزہ کے لشاطی کیمپ میں قتل عام، اسرائیلی بمباری میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد شہید

غزہ   (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غاصب اسرائیل نے ایک بار پھر مظلوم فلسطینیوں کے خون سے ہولی کھیلتے ہوئے غزہ شہر کے الشاطی پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر وحشیانہ بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

یہ خونی حملہ مغربی غزہ کے علاقے الشاطی کیمپ میں واقع عقیلان خاندان کے گھر پر کیا گیا۔ قابض اسرائیل کی ڈرون طیاروں نے دو مہلک میزائل فائر کیے، جنہوں نے پورا گھر تباہ کر دیا۔ حملے کے نتیجے میں عقیلان خاندان کے آٹھ افراد شہید ہوئے جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ کم از کم چار افراد شدید زخمی ہوئے جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

شہید ہونے والوں میں سر فہرست احمد محمد ادعیس عقیلان المعروف ابو محمد ہیں، جن کے تین معصوم بچے بھی اس حملے کا نشانہ بنے جن میں پانچ سالہ محمد احمد محمد عقیلان، چھ سالہ آیہ احمد محمد عقیلان اور دو سالہ یاسمینہ احمد محمد عقیلان شامل ہیں۔ اس قیامت خیز حملے میں احمد عقیلان کی ہمشیرہ، بتیس سالہ حنان محمد ادعیس عقیلان بھی جام شہادت نوش کر گئیں۔

اسی خاندان کی دو اور ننھی بچیاں دس سالہ دیما اکرم محمد عقیلان اور سات سالہ افنان اکرم محمد عقیلان بھی شہید ہوئیں، جو اپنے والد اکرم عقیلان کے بعد شہید ہوئیں جو تقریباً ایک سال قبل اسرائیلی درندگی کا نشانہ بنے تھے۔

آج کے اس ظالمانہ حملے میں علاء محمد ادعیس عقیلان بھی شہید ہو گئے، جو عقیلان خاندان کا ایک اور فرد تھے، یوں پورا خاندان غاصب اسرائیل کے اس بہیمانہ حملے میں صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا۔

طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح سے اب تک قابض اسرائیل کی غزہ پر جاری بمباری میں مجموعی طور پر 64 فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔ یہ حملے مسلسل جاری ہیں اور ان کا ہدف عام شہری، بچے، خواتین اور بوڑھے ہیں۔

یہ خون ریزی اس حقیقت کو مزید اجاگر کرتی ہے کہ غاصب اسرائیلی ریاست نے فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ معصوم بچوں کے لاشے، ملبے تلے دبے خاندان، اور جلتے بستیاں اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ یہ درندگی اسرائیل کی سوچ کا حصہ بن چکی ہے۔

غزہ ایک کھلا قبرستان بن چکا ہے، جہاں ہر روز جنازے اٹھتے ہیں، ہر لمحہ مائیں اپنے بچوں کو دفناتی ہیں اور ہر رات انسانیت دم توڑتی ہے۔ مگر ان سب کے باوجود فلسطینی قوم اپنے نصب العین، اپنے حق اور اپنی سرزمین پر ثابت قدم کھڑی ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan