غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ پر قابض اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی صہیونی درندگی اور اجتماعی نسل کشی آج 603ویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ انسانیت سوز جنگ جس کا تازہ ترین باب 75 روز قبل دوبارہ شروع کیا گیا، اس وقت شدت اختیار کر گئی جب قابض وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے جنگ بندی کے معاہدے سے منحرف ہو کر امریکہ کی سیاسی اور عسکری پشت پناہی کے سائے میں ظلم و ستم کی نئی داستانیں رقم کرنا شروع کیں۔ عالمی برادری کی خاموشی اور مجرمانہ بےحسی اس ظلم کا ساتھ دے رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں قابض فوج کی جانب سے مسلسل درجنوں فضائی حملے کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ مارچ 2023ء سے بنیادی خوراک کی ترسیل بند ہونے کے بعد غزہ کے شہریوں کے لیے بھوک اب قحط میں بدل چکی ہے۔ بچے بلک رہے ہیں، مائیں آہیں بھر رہی ہیں، اور ضمیرِ انسانی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق جمعے کی صبح سے لے کر اب تک غزہ کے مختلف علاقوں پر ہونے والی اسرائیلی بمباری میں 49 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ ان میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن کی زندگیوں کا چراغ بغیر کسی جرم کے بجھا دیا گیا۔
خان یونس کے مشرقی علاقے سہیلہ میں قابض اسرائیل کی ڈرون حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے۔ رفح کے مغرب میں امدادی مرکز کی جانب بڑھنے والے نہتے شہریوں پر صہیونی فوج نے فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں متعدد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
وسطی غزہ کے شہر دیر البلح کے جنوب مشرق، اور خان یونس کے قریبی علاقوں قیزان النجار اور قیزان ابو رشوان پر قابض فوج نے شدید بمباری کی۔ خان یونس کے جنوبی علاقوں کو فضائی اور توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا، جس سے کئی گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
سب سے المناک واقعہ شمال مغربی خان یونس کے علاقے مواصی القرارہ میں پیش آیا، جہاں بےگھر فلسطینیوں کی پناہ کے لیے لگائی گئی ایک خیمے کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا۔ اس سانحے میں 13 افراد شہید ہوئے، جن میں 3 معصوم بچے بھی شامل تھے۔ کئی زخمی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔
خان یونس کے گردونواح، القرارہ اور قیزان النجار جیسے علاقے فضائی حملوں سے لرز اٹھے۔ قابض فوج نے القرار میں کئی رہائشی عمارتیں زمین بوس کر دیں۔ صہیونی جنگی طیاروں نے رفح پر بھی متعدد بار بمباری کی۔
شمالی غزہ کے علاقے کرامہ میں ایک رہائشی ٹاور کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اسی علاقے کے ایک اور گھر پر کیے گئے حملے میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔ رفح کے شمال میں موراغ محور کے قریب قابض اسرائیلی فوج نے عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا۔