تہران (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی صہیونی درندگی کے خلاف اٹھنے والی صدائے مزاحمت کو عالمی سطح پر تقویت دیتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر کے بین الاقوامی امور کے مشیر علی اکبر ولایتی نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” اور اسلامی جہاد کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں خاص طور پر فلسطین اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو ہوئی، جو اس وقت تاریخ کی بدترین انسانی تباہی کا شکار ہے۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ علی اکبر ولایتی نے قابض اسرائیل کے جرائم کے خلاف مزاحمتی محاذ سے مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔ انہوں نے غزہ میں حالیہ فلسطینی فتوحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ معرکہ تاریخ اسلام میں ایک بے مثال کارنامہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’طوفان الاقصیٰ‘ کارروائی میں صہیونی دشمن کو جو ذلت آمیز شکست ہوئی وہ ناقابل تلافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے تمام خبیث عزائم خاک میں مل جائیں گے اور وہ کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو پائے گا۔ علی اکبر ولایتی نے پختہ یقین کے ساتھ کہا کہ قابض اسرائیل کا وجود فنا کے گھاٹ اترنے والا ہے، جبکہ فلسطینی قوم اپنے صبر، استقامت اور بے مثال مزاحمت سے بالآخر فتح یاب ہوگی۔
اس موقع پر ایران میں حماس کے نمائندے ڈاکٹرخالد قدومی نے ایرانی قیادت اور عوام کی سیاسی و اخلاقی حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام گذشتہ انیس ماہ سے قابض اسرائیل کے ہاتھوں جاری نسل کشی، وحشیانہ مظالم اور اجتماعی قتل عام کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور قابض اسرائیل کی جبری بے دخلی کی سازشیں ناکامی سے دوچار ہوں گی اور فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے کوئی طاقت زبردستی نہیں نکال سکتی۔
اسلامی جہاد تحریک کے نمائندے ناصر ابو شریف نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ فلسطین کے حق میں ایک آواز ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ فلسطین اہلِ فلسطین کا وطن ہے اور کوئی طاقت ان سے ان کی مادرِ وطن چھیننے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔