Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

غزہ میں ایک ہفتے کے دوران 1 لاکھ 72 ہزار سے زائد افراد بے گھر

غزہ  (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اقوام متحدہ سے وابستہ ادارہ “بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین” نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں صرف سات دن کے دوران 1 لاکھ 72 ہزار سے زائد فلسطینی باشندے اپنے گھروں سے بے دخل ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ یہ دردناک المیہ قابض اسرائیل کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری، زمین دوز حملوں اور سخت محاصرے کا شاخسانہ ہے۔

ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ انسانیت دم توڑ رہی ہے اور فلسطینی ایک بار پھر خوف، آنسو، ملبے اور لاشوں کے درمیان اپنے پیاروں، اپنے گھر اور اپنی زمین چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

ادارے نے وضاحت کی کہ 18 مارچ 2025ء کو جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کے بعد سے اب تک تقریباً 6 لاکھ 10 ہزار فلسطینی یا تو اسرائیلی بمباری سے جان بچانے کے لیے فرار ہوئے ہیں یا پھر ان علاقوں سے ہجرت پر مجبور کیے گئے جہاں قابض فوج نے روزانہ کی بنیاد پر جبری انخلا کے نوٹس جاری کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں 1 لاکھ 72 ہزار فلسطینی غزہ میں بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے 10 ہزار صرف پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ہجرت پر مجبور ہوئے۔ ادارے نے فوری طور پر انسانی امداد تک رسائی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ معصوم جانیں مزید ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔

یاد رہے کہ 18 مارچ کو قابض اسرائیل نے یک طرفہ طور پر جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ توڑ دیا، حالانکہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس اس معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کر رہی تھی۔ اس کے باوجود قابض اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ کے خلاف قتل عام کی جنگ کا آغاز کر دیا۔

18 مئی 2025ء کو اسرائیلی فوج نے اپنے زمینی حملوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا، جس کا مقصد غزہ کو مستقل طور پر قبضے میں لینا ہے۔ اس جارحیت کے تحت شہریوں کو روزانہ جبری انخلا کے نوٹس دے کر ان کے علاقوں سے نکالا جا رہا ہے۔

یہ ہجرت کوئی نئی بات نہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء سے شروع ہونے والی نسل کشی کی اس جنگ میں فلسطینی عوام بار بار بے گھر ہو چکے ہیں۔ امریکہ کی کھلی سرپرستی میں قابض اسرائیل کی اس جارحیت نے اب تک 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید یا زخمی کر دیا ہے۔ شہداء و زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ لاکھوں افراد کئی بار نقل مکانی کے عذاب سے گزر چکے ہیں۔

قابض اسرائیل گذشتہ 18 برسوں سے غزہ پر محاصرہ مسلط کیے ہوئے ہے۔ آج غزہ کی 24 لاکھ آبادی میں سے 15 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان کے مکانات صفحۂ ہستی سے مٹا دیے گئے ہیں اور وہ قحط، بھوک اور بیماری کی دلدل میں دھکیلے جا چکے ہیں۔ قابض اسرائیل نے امدادی گزرگاہیں بند کر رکھی ہیں، جس سے غذائی اشیاء، دوا، پانی اور ایندھن تک رسائی ناممکن ہو گئی ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan