کراچی (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ملی یکجہتی کونسل سندھ اور فلسطین فائونڈیشن پاکستا ن کےزیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر یوم نکبہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی اور فلسطین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ناجائزقیام کے 77سال مکمل ہونے پر احتجاج کیا۔ مظاہرے کی قیادت ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسداللہ بھٹو اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت سمیت اسرائیل ایک ناجائز ریاست کے نعرے درج تھے جبکہ فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کے لئے مظاہرین نے ہاتھوں میں چابیوں کے علامتی نشان بھی اٹھا رکھے تھے۔احتجاجی مظاہرے سےسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی، علامہ قاضی احمد نورانی، احمد ندیم اعوان، علامہ باقر زیدی، علامہ مرتضی رحمانی، اسرار عباسی، یونس بونیری،سابق رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، علامہ جعفر سبحانی، پاسٹر امانوئیل ، علامہ امین انصاری ، مولانا محمد قاسم اور دیگر نے خطاب کیا۔
احتجاجی مطاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج غزہ میں فلسطینیوں پر روزانہ ایک نکبہ گرایا جا رہاہے ۔ پوری دنیا کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوںنے حالیہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ کے سعودی عرب سمہت قطر اور امارات کے دورہ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بیانات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ انہوںنے مسلم حکمرانوںسے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں بلکہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کئے جائیں اور فلسطینیوں کی مدد کی جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنہوںنے بہترین مہارت کے ساتھ امریکی و اسرائیلی پٹھو ہندوستان کو زبردست اور منہ توڑ جواب دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینا جانتا ہے۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر اسرائیلی ڈرون ہندوستان کے ذریعہ پاکستان میں حملہ آور ہو سکتے ہیں تو ضرورت اس امر کی ہے کہ فلسطینیوں کی ہر ممکنہ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد کے ساتھ مسلح مدد بھی کی جائے تو کہ پاکستان کی نظریاتی دشمن ریاست غاصب اسرائیل کو نابود کیا جائے۔
مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان میں کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریا ت کی توہین کرے اور پاکستان سے غاصب اسرائیل جا کر پاکستان او ر فلسطین کے خلاف بیان بازی کرے۔رہنمائوںنے مطالبہ کیا کہ پاکستان سے اسرائیل جانے والے شہریوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔واضح رہے کہ ملی یکجہتی کونسل سندھ نے 7مئی سے 16مئی تک عشرہ نکبہ منانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ملک بھر میں فلسطین کے حق میں مختلف پروگرام جاری ہیں۔ 16مئی کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کی گئی ہے اور امریکہ اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔