رام اللہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” نے مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کا طرز عمل فلسطینی معاشرت کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
منگل کے روز جاری بیان میں حماس نے شہید رامی زهران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فلسطینی اتھارٹی کے اہلکاروں نے طوباس کے الفارعہ کیمپ میں گولی مار کر شہید کیا۔
شہادت کے وقت رامی اپنے بھائی یزن عمران زهران کی گاڑی چلا رہے تھے جو قابض اسرائیلی فوج اور رام اللہ اتھارٹی دونوں کے ہاں مطلوب ہیں۔ انہیں پہلے بھی عباس ملیشیا نے پانچ ماہ تک حراست میں رکھا تھا اور قابض اسرائیل متعدد بار ان کے گھر پر چھاپے مار چکا ہے۔
بعد ازاں منگل کی شام فلسطینی اتھارٹی کی فورسز نے جنین کے مشرقی علاقے میں فائرنگ کر کے ایک بزرگ شہری ابو الخلیل سباعنہ کو شہید کر دیا اور متعدد دیگر کو زخمی کیا۔
حماس نے ان واقعات کو فلسطینی خون کی توہین قرار دیتے ہوئے، قومی اتحاد کی اپیل کی اور قابض اسرائیل کی جارحیت کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔