غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے مغربی کنارے میں آباد کاروں اور قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے کیے گئے حملوں، قتل عام، زیادتیوں اور وحشیانہ حملوں کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف قتل و غارت گری اور نسل کشی کی جنگ کا تسلسل قرار دیا۔
حماس کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ روز افزوں جرائم قابض کے خلاف فلسطینی عوامی غم وغصے کو مزید بھڑکانے اور فلسطینیوں کی موجودگی کو ختم کرنے کی تمام کوششوں کا مقابلہ کرنے کا تقاضا کرتے ہیں۔ یہ حملے جلتی پرتیل چھڑکنے کے مترادف ہیں۔
حماس نے مغربی کنارے کے عوام اور اس کے انقلابی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آباد کاروں کے حملوں کا مقابلہ کریں اور قابض فوج اور اس کے انتہا پسند وزراء کی حمایت میں فلسطینی قصبوں، دیہاتوں اور کیمپوں پر جاری حملوں کے خلاف حرکت میں آئیں۔
تحریک نے ان پر زور دیا کہ وہ قبضے اور آباد کار گروہوں کے خلاف مزاحمت کو بڑھانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کریں۔