غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ 602,000 بچے مستقل فالج اور دائمی معذوری کے خطرے سے دوچار ہیں۔ اگر ان بچوں کو بروقت پولیو ویکسین نہیں دی جاتی تو وہ دائمی معذوری کا شکار ہوسکتے ہیں۔
وزارت صحت نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ قابض اسرائیل نے مسلسل چالیسویں روز بھی پولیو ویکسین کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ویکسین کے داخلے کو روکنے سے پولیو کی روک تھام کو مضبوط بنانے کے چوتھے مرحلے پر عمل درآمد کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ غزہ کے بچوں کو مناسب غذائیت اور پینے کے پانی کی کمی کی وجہ سے سنگین اور بے مثال صحت کی پیچیدگیوں کا خطرہ ہے۔
مارچ کے آغاز سے قابض فوج نے غزہ کی گذرگاہوں کو بند کر رکھا ہے، جس سے طبی سامان سمیت بنیادی انسانی ضرورت کی ہر چیز کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ ہسپتالوں میں ادویات کا فقدان ہے اور شہری بھوک اورپیاس کی وجہ سے قحط کے حالات سے دوچار ہیں۔