اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کو غزہ کے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کر کے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہرے میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ مرد و خواتین کے علاوہ سکول کے بچے بھی فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موجود تھے، جب کہ گھریلو خواتین بھی شریک ہوئیں۔
مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق اور اسرائیلی جارحیت اور حملوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
وفاقی دارالحکومت میں نیشنل پریس کلب کی عمارت کے سامنے منعقد کیے گئے اس مظاہر کے شرکا نے فلسطینیوں کے حق میں اور غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔