غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت اپنے19 روز میں جاری ہے جس میں مزید فلسطینیوں کا قتل عام کیا گیا ہے۔
ہمارے نامہ نگاروں نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے درجنوں فضائی حملے کیےاور گھروں کو مسمار کیا۔
ہفتے کی صبح سے ہی غزہ کی پٹی میں پرتشدد اسرائیلی حملوں میں متعدد شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں اسرائیلی ڈرون کے حملے میں ایک شہری شہید اور اس کا بچہ زخمی ہو گیا۔
غزہ میں دو فلسطینی حقیقی بھائی اس وقت مارے گئے جب اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجاعیہ محلے میں وادی العریس اسٹریٹ پر شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا۔
خان یونس کے مشرق میں واقع قصبے الفخاری میں ابو طمہ محلے کی طرف قابض فوج کی جانب سے داغے گئے توپ خانے کے گولے سے تین افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
ہفتے کی صبح رفح کے شمال مشرق میں معراج کے علاقے میں قابض فوج نے ایک خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دو زخمی ہوئے۔
قابض فوج نے خان یونس کے جنوب مغرب میں قزان ابو رشوان کے علاقے پر گولہ باری کی۔
غزہ شہر کے مشرق میں الزیتون محلے میں السقا اسٹریٹ پر بمباری میں ایک نوجوان شہید ہوگیا۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس کیمپ میں ایک ہسپتال پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں تین شہری شہید ہوگئے۔ ان کی شناخت بلال سعید محمد ابو مصطفی، محمد سلیمان ابو مصطفی اور محی الدین الخواص کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ہفتے کی صبح خان یونس شہر کے وسط میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ پر قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں علی الہند شہید اور ان کی اہلیہ اور بچہ زخمی ہوئے۔