غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے فریم ورک کے اندر قابض اسرائیل کے ساتھ تبادلے کے معاہدے کی پانچویں کھیپ کے حصے کے طور پر تین اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔
القسام بریگیڈز نے تین اسرائیلی قیدیوں کے حوالے کرنے کا اعلان کیا۔ ان کی شناخت الیاہو ڈیٹسن شرابی، یا ابراہیم لیوی اور اوہد بن عامی کے ناموں سے کی گئی ہے۔اس کے بدلے میں قابض صہیونی حکام اپنی جیلوں سے 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے والے ہیں جن میں سے 18 کو عمر قید کے سزا یافتہ بھی شامل ہیں۔
پانچویں کھیپ کی رہائی کے مکمل ہونے کے ساتھ ہی القسام نے موجودہ تبادلے کے معاہدے کے حصے کے طور پر 16 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ ان میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی بھی شامل ہے۔
ان قیدیوں کو وسطی غزہ کی پٹی کے شہر دیر البلح میں حوالے کیا گیا، جسے غاصب فوج نے جنگ کے دوران پرتشدد گولہ باری اور درجنوں بار قتل عام کا نشانہ بنایا ۔یہ پہلا موقع ہے جب وسطی علاقے میں قیدیوں کی حوالگی کا مشاہدہ کیا ہے۔
قیدیوں کی حوالگی کے عمل کے بہت سے علامتی سیاسی اثرات مرتب ہوئے، کیونکہ مختلف فوجی فارمیشنوں سے تعلق رکھنے والے القسام بریگیڈ کے سینکڑوں مسلح اور وردی پوش ارکان کو تعینات کیا گیا تھا۔
قیدیوں کی حوالگی کے حوالے ایک اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر بڑا بینر آویزاں کیا گیا تھا۔ اس پر عربی، عبرانی اور انگریزی میں لکھا تھا “ہم سیلاب ہیں،ہم فلسطین کا مستقبل ہیں”۔ ساتھ ہی فلسطینی پرچم بھی بنایا گیا تھا۔
اس موقعے پر سیکڑوں شہریوں کی ایک بڑی اور منظم تعداد بھی موجود تھی۔ قیدیوں کو ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ویڈیو کلپس میں القسام بریگیڈ کے زخمی ارکان کو قیدیوں کی رہائی کی تقریب میں حصہ لیتے دکھایا گیا ہے۔
ایک انتہائی منظم آپریشن میں اسرائیلی قیدیوں کی حوالگی کو محفوظ بنانے کے لیے چھوٹے سفید پک اپ گاڑیوں پر القسام بریگیڈز کے بندوق برداروں کو پلیٹ فارم پر منتقل کیا گیا۔
اسٹیج پر القسام کے شہید رہ نما محمد الضیف، اسماعیل ھنیہ، صالح العاروری، یحییٰ السنوار، مروان عیسیٰ، ایمن نوفل، غازی ابو طمعہ اور رائد ثابت شہید کی تصاویر بھی علامت کے طور پر پوسٹ کی گئی تھیں۔ یہ تصاویر صہیونیوں اور اس کے پشت پناہ ملکوں کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ القسام اپنی شہید قیادت کے مشن اور فلسطینی قوم کے نصب العین کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔