دوحہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قطر نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ مذاکرات “کسی بھی دن شروع ہو سکتے ہیں۔”
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے امریکی فاکس نیوز چینل کو ایک بیان میں کہاکہ ’’ہم مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں، جو کسی بھی دن شروع ہوسکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں امید ہے کہ دوسرا مرحلہ خطے میں تعمیر نو اور پائیدار امن کا باعث بنے گا”۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے ذریعے پیدا ہونے والی رفتار کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے معاہدے تک پہنچنے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “اگر صدر ٹرمپ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے مضبوطی اور فیصلے نہ ہوتے تو ہم معاہدے تک نہ پہنچ پاتے”۔
قابل ذکر ہے کہ قطر ان مذاکرات میں ایک بڑا ثالث ہے جس کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا معاہدہ اور قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔
یہ معاہدہ 19 جنوری سے نافذ العمل ہوا اور یہ تین مراحل پر مشتمل ہے۔ ہر ایک مرحلہ 42 دن تک جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے کے دوران قطر، مصر اور امریکی ثالثی کے ساتھ دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔