غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح میں پیر کی شام اسرائیلی بمباری سے پانچ امدادی اہلکار شہید ہو گئے۔
دیر البلح کے مشرق میں صلاح الدین اسٹریٹ پر العودہ فیکٹری کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون نے امدادی قافلے کی گاڑی پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اس کی حفاظت پر مامور 5 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے چار شہداء کی شناخت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شہداء میں سید درویش، محمد درویش، حسن ابو کریم، سلمان ابوغرابہ اور ابراہیم شاہین شامل ہیں۔
غزہ کی پٹی میں 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں انسانی امداد فراہم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف یہ دوسرا قتل عام ہے۔
کل اتوار کی شام غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں اسرائیلی بمباری سے 5 امدادی کارکن شہید اور 30 کے قریب دیگر شہری جو امداد کے انتظار میں تھے زخمی ہوئے۔
ایک سابقہ بیان میں غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر نے پٹی میں انسانی امداد فراہم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف بار بار حملوں کی مذمت کی۔
حکومتی میڈیا آفس نے ان خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ ، بین الاقوامی تنظیموں اور پوری دنیا کی جانب سے مضبوط موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔