غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے جمعرات کے روز قابض اسرائیلی فوجیوں اور ان کی بکتر بند گاڑیوں پر کیے گئے ایک انتہائی مؤثر اور پیچیدہ حملے کی ویڈیو جاری کی ہے۔ یہ حملہ جنوبی غزہ کے علاقے خانیونس کی مشرقی بستی القرارہ میں واقع اقصیٰ سکول کے نزدیک کیا گیا۔
القسام بریگیڈز نے “ٹیلیگرام” پر جاری پیغام میں بتایا کہ یہ کارروائی “حجارۃ داوود” (داؤد کے پتھر) نامی آپریشن کی ایک کڑی ہے جو غاصب صہیونی دشمن کی نقل و حرکت اور فوجی سازوسامان کو تباہ کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ایک بھرپور اور چابک دستی سے تیار کردہ گھات تھا۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کے معاہدے کو پیروں تلے روندتے ہوئے غزہ کے مظلوم عوام پر ظلم و ستم کی نئی لہر چھیڑ دی ہے۔ واضح رہے کہ یہ جنگ بندی 19 جنوری 2024ء کو نافذ ہوئی تھی اور تقریباً دو ماہ جاری رہی، جب کہ غزہ پر صہیونی درندگی کا سلسلہ 471 روز سے جاری ہے، جس میں ہزاروں فلسطینی شہید، زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔
القسام کی یہ نئی کارروائی اس پیغام کی عکاسی ہے کہ فلسطینی قوم نہ صرف اپنی سرزمین کے دفاع میں پرعزم ہے، بلکہ دشمن کی جارحیت کا جواب بھی پوری جرات، حکمت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ دے رہی ہے۔
غزہ کے نہتے اور مظلوم عوام پر قابض اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی یہ جنگ، محض ایک فوجی تنازعہ نہیں، بلکہ ایک انسانی المیہ ہے، جس میں اجتماعی قتل عام، نسل کشی، اور جبری بے دخلی جیسے مظالم روز کا معمول بن چکے ہیں۔