غزہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ “القسام بریگیڈز”نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کے مجاہدین نے شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ کے مشرق میں قابض صہیونی فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا ہے، جہاں وہ مسافت صفر سے سخت لڑائی میں مصروف ہیں اور دشمن کے کئی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کر چکے ہیں۔ القسام کے مطابق لڑائی اب بھی جاری ہے۔
قابض اسرائیل کی طرف سے جاری میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پیر کی سہ پہر جبالیا کے علاقے میں القسام کے اس گھات میں 11 اسرائیلی فوجی مارے گئے یا زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی ذرائع نے اسے ایک انتہائی مشکل اور گھمبیر کارروائی قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، قابض فوج کی ایک ٹیم شمالی غزہ کے ایک عمارت میں تعینات تھی جہاں انہیں یاسین 105 راکٹ سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
مقامی اسرائیلی نیوز سائٹ “حدوشوت بتخون” نے بھی جبالیا کی اس کارروائی میں 11 فوجیوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ عزالدین القسام نے بھی جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ وہ قابض فوج کے ساتھ مسافت صفر پر جاری لڑائی میں مصروف ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے مزید بتایا کہ لڑائی کی شدت کے باعث فوجی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز زخمیوں اور ہلاک شدگان کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر جبالیہ میں ایک ایوی ایشن یونٹ پر مسلسل مخالف فائرنگ ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے زخمیوں کی ایمرجنسی ایویکیو ایشن ناکام رہی اور ایوی ایشن ہیلکاپٹر پر مخالف اینٹی ٹینک راکٹ بھی فائر کیا گیا۔
اب تک یہ لڑائی جاری ہے اور قابض فوج شدید ترین مزاحمت کے باوجود زخمیوں اور ہلاک شدگان کو وہاں سے نکالنے میں ناکام رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت اپنی سرزمین پر قابض صہیونی فوج کو بھرپور نقصان پہنچانے میں کامیاب ہو رہی ہے۔