Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

قابض اسرائیلی فوج کی نئی درندگی، خان یونس میں شہداء کی قبریں کھود کر لاشیں اٹھا لیں

غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)  فلسطینی وزارتِ اوقاف و مذہبی امور نے ایک نہایت دردناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قابض اسرائیلی افواج نے خان یونس کے مغرب میں واقع ترک قبرستان پر حملہ کر کے شہداء کی قبریں کھودیں اور ان کے جسدِ خاکی کو اٹھا لیا۔ یہ المناک واقعہ جمعرات کی صبح پیش آیا، جب دشمن فوج نے ٹینکوں اور بلڈوزروں کی مدد سے قبرستان میں گھس کر قبروں کی بے حرمتی کی۔

وزارت نے اپنے بیان میں اس لرزہ خیز اقدام کو ایک “وحشیانہ مجرمانہ فعل” قرار دیا ہے، جو نہ صرف تمام آسمانی مذاہب کی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی اقدار، عالمی قوانین اور اخلاقی بنیادوں کو بھی روندنے کے مترادف ہے۔ قابض اسرائیل نے جس سنگ دلی سے قبریں اکھاڑیں اور شہداء کے جسدِ خاکی چرا لیے، وہ تاریخ کے سیاہ کرتوتوں میں ایک اور شرمناک اضافہ ہے۔

وزارتِ اوقاف کے مطابق، اس مکروہ کارروائی کے دوران قبرستان کے اطراف قائم وہ پناہ گزین کیمپ بھی تباہ کر دیے گئے جہاں سیکڑوں مظلوم فلسطینی خاندان بمباری سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے تھے۔ یہ کارروائی نہ صرف قبروں کی بے حرمتی تھی بلکہ زندہ انسانوں کو بے گھر کرنے اور انہیں مزید اذیت میں دھکیلنے کا ایک ظالمانہ حربہ بھی ثابت ہوئی۔

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ قابض ریاست نے صرف زندہ فلسطینیوں کا خون ہی نہیں بہایا، بلکہ اب وہ اُن شہداء کا بھی پیچھا کر رہی ہے جو اپنی جانیں قربان کر چکے۔ ان کے اجسام کو قبروں سے نکالنا ایک ایسا گھناؤنا جرم ہے جو کسی بھی اخلاقی یا قانونی اصول کے تحت قابلِ معافی نہیں۔ یہ اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ دشمن کا نشانہ اب نہ صرف زمین، گھر اور اسکول ہیں بلکہ وہ قبرستانوں کو بھی اپنے تشدد سے محفوظ رکھنے پر آمادہ نہیں۔

وزارتِ اوقاف کے مطابق، موجودہ اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک قابض اسرائیل نے غزہ میں واقع 60 میں سے کم از کم 40 قبرستانوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا ہے۔ دشمن ریاست یہ سب کچھ جعلی سکیورٹی وجوہات کے پردے میں کر رہی ہے، جب کہ حقیقت میں یہ فلسطینی شناخت اور ورثے کو مٹانے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

بیان میں عالمی برادری، خاص طور پر انسانی حقوق اور قانونی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس گھناؤنے جرم کی فوری بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کرائیں اور قابض اسرائیل کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں، تاکہ نہ صرف زندہ بلکہ قبروں میں سوئے شہداء کی حرمت کی بھی حفاظت کی جا سکے۔

بیان کے آخر میں وزارت نے واضح کیا کہ تمام تر درندگی، نسل کشی اور بے حرمتی کے باوجود فلسطینی قوم اپنے حق، اپنی سرزمین اور اپنے شہداء کی تکریم پر ثابت قدم ہے۔ یہ قوم نہ صرف زندوں کی حفاظت کرے گی بلکہ اپنے مردوں کی عزت کی خاطر بھی سینہ سپر رہے گی۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan