Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

Palestine

گلوبل صمود فلوٹیلا پر صہیونی حملہ کھلی درندگی ہے:حماس

غزہ(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے قابض اسرائیل کی بحریہ کی جانب سے بین الاقوامی پانیوں میں گلوبل صمود فلوٹیلا کی کشتیوں پر حملے، انہیں روکنے اور ساتھ موجود کارکنوں اور صحافیوں کو گرفتار کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ حماس نے اسے ایک غداری پر مبنی حملہ، کھلی سمندری قزاقی اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی قرار دیا۔

حماس کے ترجمان کے مطابق یہ جارحانہ اقدام دراصل اُن عالمی رضاکاروں کو نشانہ بنانا تھا جو فوری انسانی ہمدردی کے تحت محصور اہل غزہ کے لیے ایمرجنسی امداد لے کر جا رہے تھے، جبکہ غزہ کے عوام پچھلے دو برسوں سے منظم نسل کشی اور دانستہ بھوک و قحط کے شکار ہیں۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملہ نہ صرف ایک سفاکانہ جرم ہے بلکہ پوری انسانیت پر وار ہے جس کی مذمت دنیا کے تمام آزاد انسانوں کو کرنی چاہیے۔

حماس نے بہادر کارکنوں کی جرات اور اُن کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری کے تمام آزاد لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی سطح پر احتجاجی تحریکیں منظم کریں تاکہ صہیونی درندگی کے خلاف دنیا بھر میں آواز بلند ہو اور قابض اسرائیل پر فوری طور پر اس کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے۔

حماس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کریں، قابض اسرائیل کی سمندری قزاقی کی مذمت کریں اور فوری اقدامات اٹھا کر عالمی کارکنوں اور ان کی کشتیوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی محصور فلسطینیوں پر مسلط نسل کشی اور بھوک کے اس مجرمانہ منصوبے کو ختم کرایا جائے اور صہیونی قیادت کو انسانیت کے خلاف جاری ان جرائم پر کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

آج ہی کے روز گلوبل صمود فلوٹیلا نے اعلان کیا کہ قابض اسرائیل کی بحریہ نے ’’الما‘‘ اور ’’سائرس‘‘ نامی دو کشتیوں پر سوار تمام شرکا کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ غزہ کی طرف محصورین کے لیے امداد لے کر بڑھ رہے تھے۔

آرگنائزرز کے مطابق صہیونی بحریہ نے فلوٹیلا کی کشتیوں کو زبردستی راستہ بدل کر اشدود کی بندرگاہ کی طرف موڑنے پر مجبور کر دیا۔

فلوٹیلا کے منتظمین نے واضح کیا کہ یہ کارروائی دراصل قابض اسرائیل کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد کسی بھی بین الاقوامی اقدام کو ناکام بنانا ہے جو غزہ کے لیے انسانی راہداری کھولنے کی کوشش کرتا ہو۔

واضح رہے کہ قابض اسرائیل نے امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی کھلی پشت پناہی سے سات اکتوبر سنہ2023ء سے غزہ میں تباہ کن جنگ جاری رکھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں وزارت صحت فلسطین کے مطابق اب تک تقریباً دو لاکھ پینتیس ہزار فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan