غزہ – مفلسطین فائونڈیشن پاکستان غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے امریکی اور مغربی امداد سے شروع کی گئی جارحیت 320 ویں روز بھی جاری ہے۔
قابض فوج نے آج صبح سے اب تک نہتے فلسطینیوں پر تازہ وحشیانہ حملے کیے ہیں، جن میں دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں نے بتایا کہ قابض فوج نے جنگی طیاروں اور توپ خانے کی مدد سے تازہ بمباری کی، جس میں گھروں، بے گھر افراد کے مراکز اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس بمباری کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، قابض فوج نے غزہ کے انتہائی جنوبی شہر اور گنجان آباد علاقے رفح پر سات مئی سے فضائی اور زمینی بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
خان یونس کے نواحی علاقے المواصی میں القرارہ کے مقام پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید ہوگئے۔
جنوبی غزہ کے الزیتون کالونی میں اسرائیلی بمباری میں چار فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ جہاد عبداللہ محمود ابو السعود کی لاش حمد سٹی کے اطراف سے برآمد ہوئی۔
وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں مربعین کے مقام پر ہزاروں فلسطینیوں کو جبری نقل مکانی کے احکامات دیے گئے ہیں۔
جنوبی غزہ کے شہر رفح کے شمال مغرب میں المزراعین کے مقام پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں چار فلسطینی شہید ہوئے۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے شمالی خان یونس میں کئی مقامات پر زمینی اور فضائی حملے کیے۔
وسطی غزہ میں دیر البلح کے مشرق میں القسل ابراج کے اطراف میں بمباری کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔
بدھ کی صبح شمالی غزہ میں تل الزعتر کے مقام پر خطیب خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری میں ایک خاتون شہید اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔