جنین – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنین کی سرزمین ایک بار پھر خون میں نہا گئی، جب قابض اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کی صبح رمانہ کے علاقے میں 55 سالہ فلسطینی شہری احمد علی العمور کو گولیوں سے چھلنی کرنے کے بعد اپنی فوجی گاڑی تلے روند ڈالا۔ یہ اندوہناک واقعہ جنین کے مغربی علاقے رمانہ میں پیش آیا، جہاں احمد العمور نے صہیونی درندوں کے ہاتھوں اپنی جان قربان کر دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق، قابض اسرائیلی فوج نے احمد العمور کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے گھر کے قریب موجود تھے۔ صہیونی فوج نے پہلے انہیں گولیوں کا نشانہ بنایا، پھر ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار انہیں فوجی گاڑی تلے کچلا اور شہید کر کے ان کی لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ نہ صرف ان کی جان لی گئی بلکہ ان کے بیٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ احمد العمور نے ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو مارا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا اور اسے رمبام اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ یہ دعوے صہیونی ظلم و درندگی پر پردہ ڈالنے کے لیے بار بار دہرائے جانے والے بہانے ہیں، جن کے سائے میں بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد قابض فوج نے رمانہ کی بستی پر دھاوا بول دیا۔ متعدد گھروں پر چھاپے مارے، ان کے سازوسامان کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا، اور پوری بستی کو ایک قیدخانے میں تبدیل کر کے نہتے شہریوں کو خوف، دھمکی اور ظلم کا نشانہ بنایا۔ علاقے میں صہیونی سنائپرز کو تعینات کر کے خوف و ہراس پھیلایا گیا اور ایک وسیع پیمانے پر گرفتاری مہم شروع کی گئی۔
احمد العمور کی شہادت کے بعد جنین میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 41 ہو گئی ہے، جو سنہ 2023ء کے جنوری میں شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے بعد سے مسلسل جاری مظالم کی ایک بھیانک یادگار ہے۔
قابض اسرائیلی فوج پچھلے 171 دنوں سے جنین شہر اور اس کے مہاجر کیمپ کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر گھروں پر حملے، سامان کی توڑ پھوڑ، شہریوں کی گرفتاریاں اور سڑکوں پر ان کا راستہ روک کر تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ ایک منظم نسل کشی ہے، جس کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی زمین، ان کے خواب اور ان کی شناخت سے محروم کرنا ہے۔
احمد العمور جیسے مظلوموں کی قربانیاں صہیونی ریاست کے انسانیت سوز جرائم کا آئینہ ہیں، جو پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتی ہیں۔ یہ شہادتیں اس عزم کا حصہ ہیں جو فلسطینی قوم نے اپنے وطن، آزادی اور عزت کی خاطر ہر قیمت پر نبھانے کا فیصلہ کر رکھا ہے