غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے مجاہدین نے جنوبی غزہ کے الزیتون محلے میں قابض اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک کو زوردار زمینی دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا ہے۔
القسام بریگیڈز نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ کارروائی ہفتہ کے روز کی گئی، جب مشرقی الزیتون کے علاقے میں مجاہدین نے ایک صہیونی ٹینک کی نقل و حرکت کو ٹریک کرتے ہوئے زمین میں نصب دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تباہ کن حملہ کیا۔ بیان کے مطابق حملے کے فوراً بعد قابض اسرائیلی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر اترا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
دوسری جانب عبرانی ذرائع ابلاغ نے بھی ہفتے کے روز ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم پانچ صہیونی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جو مختلف علاقوں میں فلسطینی مزاحمت کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
یہ کارروائی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ غزہ کی فضا میں قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں اور ٹینکوں کی گرج کے باوجود فلسطینی مزاحمت پوری قوت اور عزم کے ساتھ میدانِ کارزار میں ڈٹی ہوئی ہے۔ القسام بریگیڈز کا ہر وار صہیونی جارحیت، فلسطینی زمین پر ناجائز قبضے، نسل کشی اور جبری ہجرت کے خلاف ایک زندہ اور جراتمندانہ جواب ہے۔
غزہ کا الزیتون محلہ، جو کئی مہینوں سے قابض اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنا ہوا ہے، آج بھی مزاحمت کے جذبے سے زندہ ہے۔ یہاں کی گلیاں، ملبوں میں دفن اسکولیں اور شہداء کے خون سے رنگی دیواریں، آج بھی دشمن کو للکار رہی ہیں کہ ظلم جتنا بھی شدید ہو، حوصلے جھکنے والے نہیں۔