غزہ – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) غزہ کے سول ڈیفنس نے خبردار کیا ہے کہ فضا سے امدادی سامان گرانے کا طریقہ کار سنگین خطرات سے بھرا ہوا ہے اور یہ براہِ راست شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
اپنے بیان میں سول ڈیفنس نے وضاحت کی کہ اس طریقہ کار کا سب سے بڑا خطرہ یہ ہے کہ بھاری امدادی پیکٹ گنجان آباد علاقوں میں شہریوں کے سروں پر گر سکتے ہیں، جس سے فوری طور پر شدید زخمی ہونے یا جان جانے کا خدشہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امداد کے گرنے کی جگہ پر ایک ہی وقت میں سینکڑوں بھوکے اور ضرورت مند افراد کے جمع ہونے سے بھگدڑ مچ سکتی ہے اور ہجوم میں کچلے جانے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جن کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور بعض اوقات جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
سول ڈیفنس نے عالمی عطیہ دہندگان اور انسانی امدادی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ امداد پہنچانے کے لیے محفوظ اور منظم طریقے اختیار کریں، بالخصوص زمینی راستوں اور سرحدی معابر کے ذریعے، تاکہ یہ امداد مستحقین تک محفوظ انداز میں پہنچے اور مزید جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔