بیروت – (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنان کے جنوبی علاقے النبطیہ میں ایک کار پر قابض اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ جنگ بندی کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کا آغاز نومبر 2024ء کے آخر میں ہوا تھا۔
لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایک اسرائیلی ڈرون نے بلدیہ النمیریہ کے علاقے میں “النمیریہ تا الشرقیہ” سڑک پر چلتی ہوئی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے میں یکے بعد دیگرے چار میزائل داغے گئے، جنہوں نے ایک عام شہری گاڑی کو خاکستر کر دیا۔
لبنانی وزارت صحت نے بیان جاری کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیلی حملے میں ایک شہری شہید ہوا اور پانچ دیگر شدید زخمی ہوئے، تاہم زخمیوں کی حالت کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ شہید اور زخمیوں کی شناخت تاحال لبنانی سرکاری ذرائع سے ظاہر نہیں کی گئی۔
اسی علاقے، یعنی النبطیہ گورنری میں، ایک اور واقعے میں قابض اسرائیلی فوج کی ایک گشتی ٹیم نے لبنان کے جنگلاتی علاقے “کفارشعبا” میں 400 میٹر اندر گھس کر لبنانی حدود کی بے حرمتی کی اور مویشی چرانے والے چرواہوں پر براہ راست فائرنگ کی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
لبنانی ذرائع کے مطابق، اسرائیلی ڈرون طیاروں نے دارالحکومت بیروت اور اس کے جنوبی نواح میں انتہائی نیچی پروازیں کیں، جو تل ابیب کی جانب سے جارحیت میں اضافے کی ایک اور واضح علامت ہے۔
قابض اسرائیل نے 8 اکتوبر 2023ء کو لبنان کے خلاف حملے کا آغاز کیا، جو 23 ستمبر 2024ء کو ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ اس جنگ نے 4 ہزار سے زائد لبنانیوں کی جان لی اور 17 ہزار سے زائد افراد کو زخمی کر دیا۔
بعد ازاں 27 نومبر 2024ء کو حزب اللہ اور قابض اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا ایک معاہدہ عمل میں آیا، مگر اسرائیل نے اب تک اس معاہدے کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی ہے، جن کے نتیجے میں کم از کم 238 افراد شہید اور 551 زخمی ہو چکے ہیں۔
قابض اسرائیل نہ صرف جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے بلکہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں 5 اہم پہاڑی چوٹیوں سمیت کئی علاقوں پر اب بھی قابض ہے، جن پر وہ حالیہ جنگ میں قابض ہوا یا دہائیوں سے غاصبانہ قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔